"ہماری سنگیت کی رات، یہ ہماری زندگی کے ان یادگار لمحوں میں سے ایک ہے جس کی یادیں آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔"
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نیتو کپور نے اپنی شادی کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو ماضی کی خوبصورت یادوں میں لے گئیں۔ اس تصویر کی خاص بات پاکستان کے عظیم قوال استاد نصرت فتح علی خان کی موجودگی ہے، جو تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نیتو کپور نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر الفاظ میں اسے اپنی سنگیت کی رات قرار دیا۔ اس یادگار منظر میں ان کے مرحوم شوہر اور معروف اداکار رشی کپور بھی موجود ہیں، جو نصرت فتح علی خان کی گائیکی سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ تصویر اس دور کی یاد دلاتی ہے جب بھارتی فلمی دنیا کی تقریبات میں پاکستان کے نامور فنکاروں کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی تھی اور موسیقی دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنتی تھی۔
نیتو سنگھ اور رشی کپور کی شادی 22 جنوری 1980 کو ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع آر کے ہاؤس میں ہوئی تھی۔ اس تقریب میں فلمی دنیا کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔
نیتو کپور اس سے قبل ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے جڑے کچھ دلچسپ واقعات بھی بیان کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق تقریب میں مہمانوں کا اتنا زیادہ ہجوم تھا کہ وہ گھبراہٹ کے باعث بے ہوش ہوگئی تھیں، جبکہ رشی کپور بھی گھوڑی پر سوار ہونے سے پہلے اسی کیفیت کا شکار ہوئے تھے۔
اداکارہ نے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا تھا کہ شادی میں کچھ جیب کترے مہمان بن کر داخل ہوگئے تھے۔ ان کی جانب سے دیے گئے تحائف میں قیمتی اشیا کے بجائے پتھر اور چپلیں نکلیں، کیونکہ غیر معمولی رش کے باعث ان کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔
واضح رہے کہ رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ تقریباً دو سال سے خون کے سرطان، لیوکیمیا، میں مبتلا تھے۔
نیتو کپور کی جانب سے شیئر کی گئی یہ تصویر نہ صرف ان کی ازدواجی زندگی کی ایک قیمتی یاد ہے بلکہ استاد نصرت فتح علی خان کی عالمی شہرت اور برصغیر کی مشترکہ موسیقی کی تاریخ کی بھی ایک دلچسپ جھلک پیش کرتی ہے۔