چین نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر چین کے وزیرِ خزانہ لان فوان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، دوطرفہ مالیاتی تعاون اور علاقائی اقتصادی روابط سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی استحکام کی جانب پاکستان کی پیش رفت اور مشکل معاشی حالات میں چین کی دیرینہ حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ چینی وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پانڈا بانڈ کے اجرا میں ضابطہ جاتی معاونت، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے معاونت، 2.5 فیصد کی مسابقتی شرحِ منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کو اہم عوامل قرار دیا گیا۔
پاکستان نے چینی سرمایہ منڈی میں خودمختار بانڈز جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے مستقل موجودگی قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے چار سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی، منظور شدہ 7.2 ارب چینی یوآن کے پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز جاری کرنے کے منصوبوں اور اس ضمن میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اسلام آباد میں ایس سی او وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چینی وزیرِ خزانہ لان فوان نے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام پر بھی بات چیت کی۔ چینی فریق نے اس حوالے سے مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی، جبکہ پاکستان نے ترقیاتی بینک کے قیام کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چین۔پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی جانب پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب کو ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مہارتوں کی تربیت کے فروغ کے لیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر طے شدہ فریم ورک پر عمل درآمد اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔