وزیر بحری امور جنید انور چوہدری کی زیر صدارت پورٹ قاسم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں بندرگاہ کی کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنے، ماسٹر پلان پر عملدرآمد اور تجارتی خدمات میں اضافے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پورٹ قاسم کی کھیلوں کی پالیسی اور مجوزہ کرکٹ گراؤنڈ کے قیام سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بندرگاہوں پر خدمات کو بہتر بنا کر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم کے کاروباری منصوبے کی تیاری میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور اسے قومی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔ کاروباری منصوبہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق بھی مرتب کیا جائے گا تاکہ بندرگاہ کی ترقی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور ملکی معیشت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔