میرے بیڈروم میں کوئی تھا جو نظر نہیں آتا تھا، سلمان خان کا حیران کن انکشاف

image

"میں اپنے بیڈروم میں کبھی اکیلا نہیں ہوتا تھا، وہاں کسی کی موجودگی محسوس ہوتی تھی لیکن میں نے اسے کبھی دیکھا نہیں۔ کمرے کی لائٹس خود بخود جلنے بجھنے لگتیں، الماریوں کے دروازے کھل جاتے اور میوزک سسٹم بھی اچانک چل پڑتا تھا۔"

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے بیڈروم میں پیش آنے والے پراسرار واقعات کا ذکر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔

بھارتی فلم ساز کرن جوہر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ انہیں اپنے کمرے میں اکثر کسی ان دیکھی ہستی کا احساس ہوتا تھا، حالانکہ وہاں بظاہر کوئی دوسرا شخص موجود نہیں ہوتا تھا۔

اداکار کے مطابق جب وہ کمرے سے باہر جاتے تو بعض اوقات روشنیاں خود ہی جلنے اور بجھنے لگتیں، جبکہ الماریاں اور موسیقی چلانے والا سسٹم بھی بغیر کسی کے چھوئے کام کرنے لگتے تھے۔

سلمان خان نے بتایا کہ باتھ روم میں موجودگی کے دوران بھی انہیں باہر سے ایسی آوازیں سنائی دیتی تھیں جیسے کوئی الماریوں کے دروازے کھول اور بند کر رہا ہو۔

اس دلچسپ انکشاف پر کرن جوہر نے سوال کیا کہ کیا ان کے کمرے میں جنات موجود تھے؟ جس پر اداکار نے وضاحت کی کہ وہ اسے جنات سے منسوب نہیں کرسکتے، تاہم انہیں وہاں کسی غیر مرئی وجود کا احساس ضرور ہوتا تھا۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کے باوجود انہیں کبھی خوف محسوس نہیں ہوا، کیونکہ اس پراسرار موجودگی سے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

گفتگو کے دوران اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اس ان دیکھی ہستی سے صرف ایک ہی درخواست کرتے تھے کہ اگر وہ واقعی کوئی خوبصورت خاتون ہے تو کم از کم ایک بار ان کے سامنے ضرور آئے۔

سلمان خان کے اس بیان نے ان کی زندگی کے ایک ایسے دلچسپ پہلو کو سامنے لایا ہے جس کے بارے میں ان کے مداح شاید پہلے نہیں جانتے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US