کراچی میں آٹے کی قیمت آسمان پر، 20 کلو کا تھیلا 3540 روپے کا ہوگیا

image

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 140 روپے اضافے کے بعد 3540 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 280 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3480 روپے کا ہوگیا ہے، جبکہ خضدار میں قیمت 400 روپے اضافے سے 3400 روپے تک پہنچ گئی۔ فیصل آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3000 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے، کوئٹہ میں 190 روپے اضافے کے بعد 3220 روپے اور سکھر میں 140 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ بنوں میں آٹے کا تھیلا 3200 روپے جبکہ پشاور میں 3300 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آٹے کی قیمتیں مختلف ہیں۔ سرگودھا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2933 روپے، ملتان میں 66 روپے اضافے کے بعد 2933 روپے اور بہاولپور میں 40 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3000 روپے کا ہوگیا ہے۔ گوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلا 3000 روپے، سیالکوٹ میں 3133 روپے جبکہ لاہور میں 2300 روپے تک دستیاب ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3373 روپے میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3333 روپے پر برقرار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US