فلم ’ویلکم‘ میں کام کرنے سے نانا پاٹیکر نے کیوں انکار کیا تھا؟ ہدایت کار کا دلچسپ انکشاف

image

جب میں نانا پاٹیکر کے گھر فلم کی کہانی سنانے پہنچا تو انہوں نے کہا کہ پہلے اپنی ماں کی قسم کھا کر بتاؤ کہ یہ فلم میرے لیے اچھی ہے اور مجھے اس میں کام کرنا چاہیے۔ میں نے قسم کھانے کے بجائے انہیں کہانی سنانے کا فیصلہ کیا اور تقریباً تین گھنٹے تک اسکرپٹ سناتا رہا۔

بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی فلم ’ویلکم‘ میں اودے شیٹی کا کردار ادا کرنے والے نانا پاٹیکر ابتدا میں اس فلم کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں تھے، تاہم ہدایت کار انیس بزمی نے انہیں ایک دلچسپ انداز میں راضی کیا۔

بھارتی کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ کے دوسرے سیزن میں گفتگو کرتے ہوئے انیس بزمی نے بتایا کہ انہوں نے نانا پاٹیکر کو فون کرکے ملاقات کی درخواست کی تھی تاکہ انہیں اپنی نئی فلم کی کہانی سنا سکیں۔

ہدایت کار کے مطابق نانا پاٹیکر نے ملاقات کے آغاز میں ہی فلم کے بارے میں یقین دہانی مانگی، لیکن انہوں نے پہلے مکمل اسکرپٹ سننے پر زور دیا۔

انیس بزمی نے بتایا کہ تقریباً تین گھنٹے کی تفصیلی گفتگو کے بعد نانا پاٹیکر اس کردار سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ہدایت کار کو گلے لگا لیا۔

نانا پاٹیکر نے اس موقع پر کہا کہ وہ کچی مٹی کی طرح ہیں اور ہدایت کار انہیں جس انداز میں چاہے کردار کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔

انیس بزمی کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری میں نانا پاٹیکر کے سخت مزاج اور جلد غصے میں آنے کے بارے میں بہت سی باتیں مشہور تھیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بالکل مختلف رہا۔ ان کے مطابق اداکار نے فلم کی شوٹنگ کے دوران بھرپور تعاون کیا۔

واضح رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکر نے اودے شیٹی نامی ایک گینگسٹر کا کردار ادا کیا تھا، جو اپنی بہن سنجنا کے لیے ایک شریف خاندان میں رشتہ تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

فلم میں انیل کپور نے مجنوں بھائی کا کردار نبھایا تھا۔ دونوں اداکاروں کی دلچسپ گفتگو، مزاحیہ انداز اور ایک دوسرے کے ساتھ نوک جھونک کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔

اس فلم سے پہلے نانا پاٹیکر زیادہ تر سنجیدہ اور سخت کرداروں کے لیے مشہور تھے، لیکن اودے شیٹی کے کردار نے ان کی مزاحیہ اداکاری کو بھی نمایاں کیا۔

تقریباً دو دہائیاں گزرنے کے باوجود فلم کے کئی مناظر اور مکالمے آج بھی سوشل میڈیا پر میمز کی صورت میں مقبول ہیں، جبکہ اودے شیٹی کو نانا پاٹیکر کے یادگار کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US