پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابق اداکارہ نور بخاری ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئی ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کی کسی فلم یا ذاتی زندگی کے بجائے چہرے میں نظر آنے والی تبدیلی نے صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔
حال ہی میں نور بخاری نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ شیئر کیا، جس میں وہ رنگ برنگے دوپٹے سے حجاب کیے بغیر میک اپ کے دکھائی دیں۔ ویڈیو میں ان کے ہونٹوں کی ظاہری ساخت دیکھ کر بعض صارفین نے اندازہ لگایا کہ شاید انہوں نے لپ فلرز کروائے ہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے شروع ہوگئے۔ کچھ افراد نے ان کے ہونٹوں کی ساخت پر تنقید کی، جبکہ دیگر نے انہیں فلرز ختم کروانے اور اپنی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ نور بخاری نے کم عمری میں فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور اپنے کیریئر کے دوران متعدد کامیاب پاکستانی فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں ’مجھے چاند چاہیے‘، ’گھر کب آؤ گے‘، ’اُف یہ لڑکیاں‘ اور ’میں نور کا پرستار ہوں‘ شامل ہیں۔
فلموں کے علاوہ وہ میوزک ویڈیوز اور ٹیلی ویژن اشتہارات میں بھی نظر آئیں، جبکہ ان کی شادیاں اور نجی زندگی بھی مختلف مواقع پر خبروں کا موضوع بنتی رہی ہیں۔
بعد ازاں نور بخاری نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر مذہبی زندگی اختیار کرلی۔ اب وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اسلامی موضوعات سے متعلق ویڈیوز بناتی ہیں، جن میں اپنے مداحوں کے ساتھ اذکار، وظائف اور دینی معلومات شیئر کرتی ہیں۔
ان کے حالیہ وی لاگ میں ہونٹوں کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں نے نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم اداکارہ نے تاحال لپ فلرز کروانے کی تصدیق نہیں کی۔ اس لیے ان کی ظاہری شکل میں تبدیلی کی اصل وجہ واضح نہیں ہے۔