کرینہ کپور سونے سے پہلے پیروں پر کیا لگاتی ہیں؟ سیف علی خان کے دلچسپ انکشاف پر قہقہے لگ گئے

image

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے اپنی اہلیہ کرینہ کپور خان کی ایک ایسی عادت کے بارے میں بتایا ہے جس نے کامیڈی شو میں موجود لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔ اداکار کے مطابق کرینہ رات کو آرام کرنے سے پہلے ایک خاص گھریلو طریقہ اپناتی ہیں جس سے انہیں بہتر نیند لینے میں مدد ملتی ہے۔

بھارتی کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ میں شرکت کے دوران میزبان کپل شرما نے سیف اور کرینہ کی خوشگوار ازدواجی زندگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شادی کے 14 سال گزرنے کے باوجود دونوں کی شخصیت میں پہلے جیسی تازگی دکھائی دیتی ہے۔

اس گفتگو کے دوران سیف علی خان نے بتایا کہ ان کے گھر میں دیسی گھی کا استعمال صرف کھانوں تک محدود نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کرینہ ہر رات سونے سے پہلے اپنے پیروں پر دیسی گھی لگاتی ہیں۔

کرینہ کپور نے بھی شوہر کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس معمول سے سکون محسوس ہوتا ہے اور وہ اچھی نیند سو پاتی ہیں۔

سیف علی خان نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت ان کے کمرے سے ایسی خوشبو آتی ہے جیسے کسی سڑک کنارے ڈھابے پر کھانا تیار ہو رہا ہو۔ ان کی اس بات پر میزبان سمیت شو میں موجود تمام افراد ہنس پڑے۔

اداکار کی جانب سے دیسی گھی کے فوائد پر دلچسپ انداز میں گفتگو بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں اس حوالے سے مزاحیہ تبصرے اور میمز سامنے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور نے حال ہی میں اپنی شادی کے 14 سال مکمل کیے ہیں۔ اس موقع پر کرینہ نے انسٹاگرام پر شوہر کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں دونوں کے ابتدائی دنوں سے لے کر بچوں کے ساتھ خاندانی سفر کی جھلکیاں شامل تھیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں سیف کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ زندگی کے سفر کا ایک اور سال مکمل ہوگیا جبکہ ابھی بہت سا وقت ایک ساتھ گزارنا باقی ہے۔

کام کے حوالے سے کرینہ کپور اپنی فلم ’دائرہ‘ کے باعث بھی خبروں میں ہیں جس کی ہدایت کاری میگھنا گلزار نے کی ہے۔ اس فلم میں وہ پہلی مرتبہ معروف اداکار پرتھوی راج سکومارن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

جرائم اور انصاف کے موضوع پر مبنی اس فلم میں پرتھوی راج ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ کرینہ ایک اہم اور پراسرار کردار میں نظر آئیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US