پاکستان کے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف کی دو روزہ ورکشاپ شروع

image

وزارتِ خزانہ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اشتراک سے پاکستان کے ٹیکس نظام کو جدید، آسان اور معاشی ترقی کے لیے سازگار بنانے کے حوالے سے دو روزہ اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا آغاز 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگیا، جو 21 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

ورکشاپ میں اعلیٰ حکومتی حکام، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے نمائندگان، بین الاقوامی ٹیکس ماہرین، ماہرینِ تعلیم اور نجی شعبے کے رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد پاکستان کے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پائیدار معاشی ترقی میں اس کے کردار کو مؤثر بنانے کے لیے اصلاحاتی ترجیحات پر غور کرنا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازعور اور آئی ایم ایف کے شعبہ مالیاتی امور کے ڈائریکٹر روڈریگو ویلڈیز بھی موجود تھے۔

ورکشاپ کے دوران ٹیکس نظام کو جدید بنانے، معاشی ترقی کے فروغ، وفاق اور صوبوں کے درمیان سیلز ٹیکس کے یکساں نظام کے قیام، انکم ٹیکس نظام کو آسان اور غیر جانب دار بنانے، ٹیکس انتظامیہ کی بہتری، ڈیجیٹلائزیشن، ٹیکس قوانین پر عمل درآمد اور ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنے سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں مالیاتی وفاقیت اور صوبائی ٹیکس آمدن میں اضافے کے معاملات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ شرکاء اس امر کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح ایک وسیع، منصفانہ، سادہ اور قابلِ پیش گوئی ٹیکس نظام تشکیل دیا جاسکتا ہے، جو قومی محصولات میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت کو بھی فروغ دے۔

ورکشاپ کے اختتام پر اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں تجاویز کو حتمی شکل دینے، ترجیحی اقدامات کی نشاندہی اور متعلقہ فریقین کے درمیان مستقبل میں تعاون کے طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اقدام حکومت کے اس عزم کا عکاس ہے کہ پاکستان میں ایسا مؤثر اور ترقی دوست ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے جو معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US