شادی کے وقت اپنا نکاح نامہ تک نہیں پڑھا، ونیزہ احمد کا حیران کن انکشاف

image

"میں ایک پڑھی لکھی اور خودمختار عورت تھی، لیکن اس کے باوجود شادی کے وقت میں نے اپنا نکاح نامہ نہیں پڑھا۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ اس میں میرے حق مہر اور نان نفقے کے حوالے سے کیا شرائط لکھی گئی ہیں۔ جب میری شادی کا رشتہ ٹوٹ گیا تو اس کے بعد میں نے نکاح نامہ پڑھا اور ان باتوں کو سمجھا۔"

یہ انکشاف پاکستان کی معروف سابق سپر ماڈل ونیزہ احمد نے اپنی ازدواجی زندگی کے تجربات بیان کرتے ہوئے کیا۔

ونیزہ احمد کا شمار پاکستان کی ان ماڈلز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی خوبصورتی، منفرد انداز اور باوقار شخصیت سے فیشن انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ دو بیٹیوں کی والدہ ہیں اور ہمیشہ اپنے بچوں اور خاندان کو زندگی کی اہم ترجیحات میں شامل رکھنے کی بات کرتی رہی ہیں۔

حالیہ گفتگو میں ونیزہ احمد نے اپنی شادی سے متعلق ایک ایسی غلطی کا ذکر کیا جس سے وہ چاہتی ہیں کہ دوسری خواتین سبق حاصل کریں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے زندگی کے ایک سمجھدار دور میں شادی کی، جب وہ اپنے کیریئر میں کامیابی حاصل کرچکی تھیں اور اچھی تعلیم بھی رکھتی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے نکاح کے وقت ان قانونی شرائط پر توجہ نہیں دی جو مستقبل میں ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ثابت ہوسکتی تھیں۔

ونیزہ احمد نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ شادی سے پہلے اپنا نکاح نامہ ضرور پڑھیں، اس میں درج شرائط کو اچھی طرح سمجھیں اور اپنے حقوق کے بارے میں سوال کرنے سے ہرگز نہ گھبرائیں۔

انہوں نے اپنی بات سمجھانے کے لیے ایک دلچسپ مثال دیتے ہوئے کہا کہ جہاز سے چھلانگ لگانے سے پہلے شرائط و ضوابط پڑھنے چاہئیں، نہ کہ اس وقت جب آپ چھلانگ لگا چکے ہوں۔

ونیزہ احمد کے اس بیان میں خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک اہم پیغام موجود ہے کہ شادی جیسے بڑے فیصلے میں صرف اعتماد اور جذبات ہی کافی نہیں، بلکہ اپنے قانونی اور مالی حقوق سے آگاہ ہونا بھی ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US