لوٹے کیمیکل کو اینگرو پولیمر میں حصص خریدنے کی منظوری

image

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ کو اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ سے اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ کے حصص خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سی سی پی نے فیز ون جائزہ میں پی وی سی، کاسٹک سوڈا اور ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کی مارکیٹس کا جائزہ لیا اور قرار دیا کہ دونوں کمپنیوں کے کاروبار میں نہ ہی افقی اور نہ ہی عمودی اوورلیپ موجود ہے۔

کمیشن کے مطابق مجوزہ ٹرانزیکشن سے مارکیٹ میں ارتکاز بڑھنے، نئی کمپنیوں کے داخلے میں رکاوٹ پیدا ہونے یا کسی فریق کی مارکیٹ پاور میں نمایاں اضافے کا امکان نہیں۔

سی سی پی نے نتیجہ اخذ کیا کہ یہ ڈیل متعلقہ مارکیٹس میں مسابقت کو متاثر نہیں کرے گی جس پر اسے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت منظور کر لیا گیا۔

سی سی پی کے مطابق یہ منظوری سرمایہ کاری اور جائز کارپوریٹ ٹرانزیکشنز کی سہولت کاری کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں مؤثر کمپٹیشن اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US