حال ہی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما فیصل سبزواری کی بڑی بیٹی کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ان تصاویر میں سیاستدان کے پہلے خاندان کے افراد بھی نظر آئے، جنہیں وہ اب تک میڈیا کی نظروں سے دور رکھتے آئے ہیں۔
تاہم اس شادی کی خاص بات فیصل سبزواری کی دوسری اہلیہ اور معروف ٹی وی اینکر مدیحہ نقوی کی شرکت بھی تھی، جو اپنی سوتیلی بیٹی کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔
تصاویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے فیصل سبزواری کے پہلے خاندان کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا تو بعض نے مدیحہ نقوی کی شادی میں شرکت پر بھی سوالات اٹھائے۔
دوسری جانب کچھ صارفین کی توجہ فیصل سبزواری کی بیٹی کی شکل و صورت پر مرکوز رہی اور انہوں نے کہا کہ بیٹی اپنے والد سے حیرت انگیز مشابہت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ فیصل سبزواری کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ 2013 میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ سینیٹ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فیصل سبزواری نے 2019 میں معروف نیوز اینکر مدیحہ نقوی سے دوسری شادی کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔ تاہم سیاستدان نے اپنی پہلی شادی اور پہلے خاندان سے متعلق معاملات کو ہمیشہ نجی رکھا۔
اب بڑی بیٹی کی شادی کی تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد ان کی نجی زندگی ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔