"میرے والد احمد بشیر کی پہلی شادی ان کی مرضی کے خلاف ہوئی تھی۔ گھر والوں نے ان کا نکاح ایک کزن سے کروا دیا، لیکن وہ یہ رشتہ نہیں چاہتے تھے، اس لیے نکاح کے بعد گھر سے بھاگ گئے۔ بعد میں ایک دوست کی مدد سے پہلی بیوی کو طلاق دی اور پھر میری والدہ سے شادی کر لی۔"
"ابو ہماری امی سے اتنی محبت کرتے تھے کہ ان کے بغیر رہ نہیں سکتے تھے۔ جب میری بڑی بہن نیلم پیدا ہوئیں تو امی کچھ دن آرام کے لیے اپنے میکے چلی گئیں۔ ابو نے اگلے ہی دن انہیں واپس آنے کو کہا، لیکن امی نے انکار کر دیا۔ اس پر ابو نے انہیں ڈرانے کے لیے جعلی طلاق نامہ بھجوا دیا۔ امی گھبرا کر فوراً گھر واپس آگئیں، جہاں انہیں پتا چلا کہ طلاق کے کاغذات اصلی نہیں تھے۔"
یہ دلچسپ انکشافات پاکستان کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں نورالحسن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے والد، معروف ادیب اور صحافی احمد بشیر کی نجی زندگی کے بارے میں کیے۔
اسما عباس نے بتایا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کے والد نے زندگی میں دو شادیاں کی تھیں۔ پہلی شادی خاندان کی پسند سے ہوئی، لیکن احمد بشیر اس رشتے پر رضامند نہیں تھے۔ بعدازاں انہوں نے پہلی شادی ختم کرکے اپنی ایک اور رشتہ دار سے نکاح کیا، جو اسما عباس کی والدہ تھیں۔
اداکارہ نے اپنے والدین کے تعلقات کا ایک اور غیر معمولی واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ احمد بشیر اپنی اہلیہ سے بے حد لگاؤ رکھتے تھے اور ان کی غیر موجودگی برداشت نہیں کر پاتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد جب ان کی اہلیہ میکے گئیں تو انہوں نے انہیں واپس بلانے کے لیے جعلی طلاق نامے کا سہارا لیا۔
اسما عباس کے مطابق ان کی والدہ کاغذات دیکھ کر پریشان ہوگئیں اور فوراً شوہر کے پاس پہنچیں، لیکن گھر آکر معلوم ہوا کہ یہ سب انہیں واپس بلانے کے لیے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ احمد بشیر پاکستان کے معروف ادیب، صحافی اور دانشور تھے۔ ان کی بیٹیوں میں بشریٰ انصاری، اسما عباس، نیلم بشیر اور سنبل شامل ہیں، جنہوں نے ادب اور شوبز کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی۔
اسما عباس کے ان انکشافات سے ان کے والد کی زندگی کے ایسے پہلو سامنے آئے ہیں جن کے بارے میں اس سے قبل زیادہ بات نہیں کی گئی تھی۔