میں ہمایوں سعید کی بہت بڑی مداح ہوں اور ہمیشہ سے ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی۔ آج تک نہ ان سے ملاقات ہوئی اور نہ ہی کسی ڈرامے میں ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اگر مجھے ان کی بہن یا بھابھی کا کردار بھی مل جائے تو میں خوشی خوشی قبول کرلوں گی بس ایک بار ان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا چاہتی ہوں۔
ایک مرتبہ میں نے ہمایوں سعید سے ملاقات کے لیے لکی ڈرا میں حصہ لیا تھا اور خوش قسمتی سے میرا نام بھی نکل آیا۔ انعام میں ان کے ساتھ لنچ کرنے کا موقع ملا تھا لیکن میرے والد نے جانے کی اجازت نہیں دی اور یوں میری خواہش ادھوری رہ گئی۔
یہ دلچسپ انکشاف پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مزنہ وقاص نے حال ہی میں پروگرام ’گپ شپ‘ میں شرکت کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کے بارے میں کھل کر بات کی۔
مزنہ وقاص نے بتایا کہ وہ اداکاری کی دنیا میں آنے سے پہلے بھی ہمایوں سعید کی مداح تھیں۔ اگرچہ اب دونوں ایک ہی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن انہیں آج تک اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنے کا موقع نہیں مل سکا۔
اداکارہ کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ مستقبل میں کسی ڈرامے میں ہمایوں سعید کے ساتھ کام کریں، چاہے انہیں مختصر کردار ہی کیوں نہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ مزنہ وقاص نے اپنے کیریئر کا آغاز تدریس سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے تھیٹر اور ٹیلی ویژن کا رخ کیا۔ مقبول ڈرامے ’سنو چندا‘ میں بلو کے کردار نے انہیں خاص پہچان دلائی جبکہ وہ کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
مزنہ وقاص کو اکثر منفی کرداروں کی پیشکش ہوتی ہے، تاہم وہ مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ برسوں سے ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کی ان کی خواہش کب پوری ہوتی ہے۔