آپ جیسی ساس صرف نصیب والوں کو ملتی ہیں، مریم نفیس کا ساس کے انتقال کے بعد دل چھو لینے والا پیغام

image

پیاری امی! میرے دل میں بہت سی باتیں ہیں، لیکن 16 اکتوبر کی دوپہر سے اب تک جو کچھ محسوس کر رہی ہوں، اسے لفظوں میں بیان کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے آپ جیسی محبت کرنے والی ساس ملیں گی۔ آپ جیسی ساس صرف خوش نصیب لوگوں کو نصیب ہوتی ہیں اور میں ہمیشہ ان چند خوبصورت برسوں کے لیے شکر گزار رہوں گی جو مجھے آپ کے ساتھ گزارنے کا موقع ملا۔

اگر میں مستقبل میں آپ جیسی آدھی بھی اچھی ساس بن سکی تو سمجھوں گی کہ میں نے کسی کو وہی محبت، اپنائیت اور عزت دی جو آپ نے مجھے دی تھی۔ آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی اور آپ کے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ میں عیسیٰ کو ہمیشہ بتاؤں گی کہ اس کی دادی کتنی شاندار خاتون تھیں، وہ اس سے کتنا پیار کرتی تھیں اور وہ کتنا خوش نصیب ہے کہ اسے آپ جیسی دادی کی محبت ملی۔ ان شاء اللہ، ایک دن ہم دوبارہ ملیں گے۔

یہ جذباتی الفاظ معروف پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے اپنی ساس کے انتقال کے ایک ہفتے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کیے، جنہیں پڑھ کر ان کے مداح بھی افسردہ ہوگئے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی مرحومہ ساس کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا رشتہ محض ساس اور بہو کا نہیں بلکہ محبت، احترام اور گہری اپنائیت کا تھا۔

مریم نفیس نے اپنے پیغام میں خاص طور پر اپنے بیٹے عیسیٰ اور اس کی دادی کے درمیان محبت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بیٹے کو ہمیشہ اس کی دادی کی شفقت اور ان سے جڑی خوبصورت یادوں کے بارے میں بتاتی رہیں گی۔

شیئر کی گئی تصاویر میں ایک منظر ایسا بھی تھا جس نے لوگوں کو خاص طور پر جذباتی کر دیا۔ اس تصویر میں اداکارہ کے شوہر امان احمد اپنی والدہ کی قبر کے پاس بیٹھے دعا کرتے دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ مریم نفیس کا شمار پاکستان کی مقبول ٹی وی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے دیارِ دل، یقین کا سفر، فطور، نیم اور جانِ جہاں سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔ وہ فلم ساز اور ہدایت کار امان احمد کی اہلیہ ہیں اور دونوں ایک بیٹے عیسیٰ کے والدین ہیں۔

اداکارہ کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں اور شوبز سے وابستہ افراد کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا صارفین مرحومہ کی سادگی اور محبت بھرے رویے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US