’’میرے پیارے دوستوں، مداحوں اور خیرخواہوں! حال ہی میں مجھے معلوم ہوا ہے کہ میں پھیپھڑوں کے کینسر کی چوتھی اسٹیج میں مبتلا ہوں۔ یہ خبر میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک بہت بڑی آزمائش ہے، لیکن میں ہمت، امید اور اللہ پر یقین کے ساتھ ہر آنے والے دن کا سامنا کر رہا ہوں۔
اپنی زندگی کی اتنی مشکل بات سب کے سامنے رکھنا آسان نہیں، مگر میں سمجھتا ہوں کہ جن لوگوں نے برسوں میری موسیقی کو پسند کیا اور مجھے اتنی محبت دی، انہیں اپنی صورتحال سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
موسیقی ہمیشہ لوگوں سے جڑنے کا میرا ذریعہ رہی ہے اور آپ سب کی محبت میرے لیے الفاظ سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ آج میں آپ سے ایک ذاتی درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ براہِ کرم مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے۔
میں نہیں جانتا کہ آنے والا کل میرے لیے کیا لے کر آئے گا، لیکن مجھے دعاؤں کی طاقت، ایمان کی مضبوطی اور اس بات پر یقین ہے کہ بے شمار لوگ میری صحت یابی کے خواہش مند ہیں۔ آپ سب کی محبت اور خلوص کا دل سے شکریہ۔‘‘
یہ جذباتی پیغام پاکستان کے نامور موسیقار اور گلوکار وقار علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس کے بعد ان کے مداحوں اور موسیقی سے وابستہ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
معروف گلوکار سجاد علی کے بھائی وقار علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پھیپھڑوں کے کینسر کی آخری یعنی چوتھی اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وقت ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی نہایت مشکل ہے، تاہم وہ مایوس ہونے کے بجائے حوصلے اور امید کے ساتھ اس آزمائش سے گزر رہے ہیں۔
وقار علی پاکستانی موسیقی کی دنیا کا ایک معتبر نام ہیں، جنہوں نے کئی برسوں تک اپنی خوبصورت دھنوں سے ڈرامہ انڈسٹری کو یادگار گیت دیے۔ پری زاد، مائی ری، غیر، گلِ رعنا، خدا میرا بھی ہے اور تھوڑی خوشی تھوڑا غم سمیت متعدد مقبول ڈراموں کی موسیقی ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے اپنے بھائی سجاد علی کے لیے بھی گیت ترتیب دیے اور موسیقی کے شعبے میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔ وقار علی شادی شدہ ہیں اور ان کی صاحبزادی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔
بیماری کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مداح انہیں ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ وقار بھائی ہمیشہ ان کی دعاؤں میں شامل رہیں گے، جبکہ دوسرے نے انہیں موسیقی کی دنیا کا لیجنڈ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہوں گے۔ کئی افراد نے اللہ تعالیٰ سے ان کی مکمل صحت یابی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔
وقار علی نے فی الحال اپنے علاج کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا، تاہم ان کے پیغام سے واضح ہے کہ وہ اس مشکل مرحلے میں مداحوں کی محبت اور دعاؤں کو اپنے لیے ایک بڑا سہارا سمجھتے ہیں۔