ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں اپنے طاقتور انداز اور بھاری بھرکم جسامت سے پہچانے جانے والے سابق بھارتی ریسلر دی گریٹ کھالی اس بار ریسلنگ نہیں بلکہ اپنے غیر معمولی لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
دلیپ سنگھ رانا المعروف دی گریٹ کھالی کی کچھ نئی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں وہ گلابی لباس پہنے اور بالوں کی دو پونی ٹیلز بنائے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا یہ انداز ان کی روایتی شخصیت سے بالکل مختلف ہے، جسے دیکھ کر مداحوں نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کھالی نے یہ روپ نیٹ فلکس انڈیا کی نئی تشہیری مہم ’کے پاگلو‘ کے لیے اپنایا ہے، جس کا مقصد بھارتی ناظرین میں کورین ڈراموں کی مقبولیت کو مزید بڑھانا اور آنے والی نئی سیریز متعارف کروانا ہے۔
مہم کی تصاویر میں سابق ریسلر کو کورین ڈراموں سے متاثرہ ایک خوبصورت کمرے میں بیٹھے دکھایا گیا ہے، جہاں وہ نوڈلز کھاتے ہوئے ٹیلی ویژن پر ڈراموں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ریسلنگ کے دوران سخت مزاج اور طاقتور شخصیت کے طور پر شہرت حاصل کرنے والے کھالی نے اس اشتہاری مہم میں بالکل مختلف کردار اختیار کیا ہے، جو ان کے مداحوں کے لیے ایک غیر متوقع تبدیلی ثابت ہوا۔
تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ کئی افراد ان کے نئے حلیے کو دلچسپ قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین اس منفرد تشہیری انداز پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دی گریٹ کھالی عالمی ریسلنگ میں بھارت کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ریسلنگ سے ہٹ کر بھی وہ مختلف ٹی وی پروگراموں اور تشہیری سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں، تاہم نیٹ فلکس کے لیے ان کا حالیہ روپ ان کی سابقہ عوامی شناخت سے خاصا مختلف ہے۔