وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں معاشی استحکام، ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وزیر خزانہ کو مبارک باد دی، جبکہ وفد نے علاقائی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مزید بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ترجیح معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول اور اصلاحات پر مستقل عملدرآمد سرمایہ کاری بڑھانے اور ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نجکاری، ضابطہ جاتی اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عالمی بینک نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات آگے بڑھانے، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔