اٹلی کے تاریخی شہر پومپئی کے کھنڈرات سے ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے تقریباً 2 ہزار سال پرانی نایاب عطر کی بوتل سمیت متعدد قدیم نوادرات دریافت کیے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ 2 ہزار سال پرانی نایاب عطر کی بوتل شہر کے ریجیو 9 علاقے میں ایک قدیم الماری سے برآمد ہوئی، جس میں بچوں کے ہار، کانسی کے 38 سکے اور کئی آرائشی اشیاء بھی موجود تھیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ الماری ایک ایسے مکان کے پچھلے حصے سے دریافت ہوئی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کورنیلیئس میکسیمس نامی شخص کی ملکیت تھا، تاہم مکان سے متعلق تحریری کتبے اب زیادہ تر ناقابلِ مطالعہ ہو چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جس مکان سے یہ نوادرات دریافت ہوئے ہیں، وہاں 79 عیسوی میں ماؤنٹ ویسوویئس کے آتش فشاں پھٹنے کے وقت تعمیر و مرمت کا کام جاری ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ محققین نے یہ اندازہ چھت پر سادہ پلستر اور بعد میں بنائی گئی کھڑکی کے مشاہدے سے لگایا، جبکہ کھدائی کے مقام پر محفوظ نشانات کی مدد سے اس قدیم الماری کی ممکنہ اصل شکل بھی دوبارہ تیار کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پومپئی 79 عیسوی میں آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں راکھ اور ملبے تلے دب گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ شہر مٹی کی تہوں میں محفوظ رہا۔ ماہرین کئی صدیوں سے وہاں کھدائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک قدیم شہر کا تقریباً دو تہائی حصہ دریافت ہو چکا ہے اور یہ نئی دریافتیں قدما کے طرزِ زندگی کو سمجھنے میں مزید مددگار ثابت ہوں گی۔