معاوضہ نہ ملا تو کسان ایکسکیویٹر لے کر سرکاری دفتر جا پہنچا

image

چین کے صوبے شانشی میں معاوضے سے عدم اطمینان پر ایک کسان نے بھاری مشینری کے ذریعے سرکاری عمارت پر حملہ کردیا، جس سے عمارت کے مرکزی دروازے کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق 47 سالہ کسان نے پیر کی صبح ایکسکیویٹر چلاتے ہوئے انتظامی سروس سینٹر کے داخلی دروازے کو نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آگئی، جس میں مشین کو عمارت کا داخلی حصہ توڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران عمارت میں موجود ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ایک سرکاری ملازم کے مطابق حملے کی ممکنہ وجہ مویشیوں کے فارم کو مسمار کرنے کے بدلے ملنے والے معاوضے پر عدم اطمینان تھا، تاہم پولیس نے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ واقعے کے بعد سرکاری دفتر میں معمول کا کام بحال کردیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US