17 ماہ سے لاپتہ لڑکی نے ویڈیو گیم کے ذریعے اپنی جان بچالی، حیران کن واقعہ سامنے آگیا

image

امریکا میں تقریباً ڈیڑھ سال سے لاپتہ ایک نوعمر لڑکی نے آن لائن ویڈیو گیم کو مدد حاصل کرنے کا ذریعہ بنا کر خود کو بازیاب کروا لیا۔ لڑکی نے گیم کھیلتے ہوئے ایک اجنبی کھلاڑی کو اپنی شناخت اور مقام بتایا، جس کے بعد امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت نکال لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لڑکی مئی 2025 میں امریکی ریاست یوٹاہ سے لاپتہ ہوئی تھی، اس وقت اس کی عمر صرف 15 سال تھی۔ اس کے پاس موجود موبائل فون پر سم کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنے کی سہولت نہیں تھی، تاہم وہ وائی فائی سے منسلک ہوسکتی تھی۔

لڑکی نے اسی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشہور آن لائن گیم ’امنگ اَس‘ کے دوران ایک دوسرے کھلاڑی سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ طویل عرصے سے لاپتہ ہے۔ اپنی بات کا یقین دلانے کے لیے اس نے گمشدگی سے متعلق خبروں کا حوالہ بھی دیا۔

دوسرے کھلاڑی کے اہل خانہ نے معاملے کی اطلاع حکام کو دی، جس کے بعد ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کیں۔ یکم نومبر کو ریاست اوریگون کے ایک گھر سے لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

امریکی حکام نے اس معاملے میں 39 سالہ ایڈم ہنٹر ہارمل کو گرفتار کیا ہے، جس پر نابالغ لڑکی کو ایک ریاست سے دوسری ریاست منتقل کرنے اور جنسی استحصال کی نیت رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم ان الزامات پر عدالتی کارروائی جاری ہے اور ملزم کو ابھی مجرم قرار نہیں دیا گیا۔

یہ واقعہ جہاں آن لائن رابطوں کے خطرات کو ظاہر کرتا ہے، وہیں یہ بھی بتاتا ہے کہ مشکل حالات میں بروقت مدد کی درخواست اور کسی اجنبی کی ذمہ دارانہ کوشش ایک زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US