آسٹریلیا کے گھنے جنگلات میں چھ دن تک بھوک، پیاس اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے درمیان پھنسے 17 سالہ نوجوان کو بالآخر زندہ بچا لیا گیا۔ حیران کن طور پر نوجوان نے اس دوران صرف چپس کے ایک پیکٹ پر گزارا کیا اور ریسکیو ٹیم کے پہنچنے پر خوشی سے جھوم اٹھا۔
یہ واقعہ میلبورن کے مشرق میں واقع قصبے والہالا کے قریب پیش آیا، جہاں آٹزم کا شکار ولیم اپنے ایک دوست کے ساتھ کیمپنگ کے لیے گیا تھا۔ 6 نومبر کو وہ مزید سامان لینے کے لیے کیمپ سے نکلا، لیکن راستے میں ایک اونچی چٹان سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔
ولیم کے پاس نہ موبائل فون تھا اور نہ ہی مناسب حفاظتی سامان۔ اس نے صرف نیکر اور کام کے جوتے پہن رکھے تھے۔ دشوار گزار راستوں اور خطرناک سانپوں کی موجودگی کے باعث اس کے لیے خود واپس پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔
نوجوان کے لاپتا ہونے کے بعد تلاش شروع کی گئی اور چھ روز بعد ریسکیو ٹیم نے اسے ایک دور دراز کھائی میں ڈھونڈ نکالا۔ شدید دھوپ اور خوراک کی کمی سے اس کی حالت کمزور ہوچکی تھی، تاہم ہیلی کاپٹر دیکھتے ہی اس نے خوشی سے ہاتھ اٹھائے اور فضا میں مکے لہرا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے ولیم کو بحفاظت وہاں سے نکالا اور اس کی والدہ الزبتھ بارکلے سے ملوایا۔ کئی دن کی پریشانی کے بعد بیٹے کو زندہ دیکھ کر والدہ نے سکون کا سانس لیا، لیکن ساتھ ہی اسے سخت تنبیہ بھی کی۔
الزبتھ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے بیٹے سے کہا، "دوبارہ کبھی ایسا مت کرنا، تم نے مجھے بہت ڈرا دیا تھا۔ اب تم میری نظروں سے دور نہیں جاؤ گے۔"
انہوں نے خوشی اور ہلکے پھلکے مزاح کے انداز میں یہ بھی کہا کہ اب ولیم کو زندگی بھر کے لیے گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
چھ دن تک جنگل میں پھنسے رہنے کے بعد ولیم کی بحفاظت واپسی اس کے خاندان کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوئی، جبکہ یہ واقعہ دشوار گزار علاقوں میں کیمپنگ کے دوران حفاظتی انتظامات اور رابطے کے ذرائع ساتھ رکھنے کی اہمیت بھی یاد دلاتا ہے۔