آسمان پر اڑتے طیارے میں پانی ہی پانی، ہنگامی لینڈنگ

image

امریکا میں ایک مسافر طیارہ دورانِ پرواز اچانک مشکل میں پھنس گیا، جب باتھ روم کے واش بیسن کا نل خراب ہونے سے پانی تیزی سے پورے کیبن میں پھیلنے لگا اور جہاز کے اندر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کی ڈینور سے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز کے دوران طیارے کے اگلے حصے میں واقع باتھ روم کے نل سے پانی رسنا شروع ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسافر کیبن کے فرش اور گزرگاہوں تک پھیل گیا۔ پانی جمع ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی پیغام بھیجا اور خدشہ ظاہر کیا کہ پانی کی بڑی مقدار طیارے کے برقی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس کے بعد شکاگو کے اوہیر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق طیارے میں موجود ایک مسافر جو پیشے کے اعتبار سے پلمبر تھا، اس نے پانی کا بہاؤ روکنے میں مدد کی، تاہم اس وقت تک کیبن کا فرش مکمل طور پر بھیگ چکا تھا اور پرواز کا رخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا تھا۔

فرنٹیئر ایئرلائنز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باتھ روم کے نل میں خرابی کے باعث طیارے کا رخ موڑا گیا۔ خوش قسمتی سے طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے ان کی منزل ڈیٹرائٹ روانہ کردیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US