بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ایئرپورٹ پر اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب ملائیشیا سے واپس آنے والے ایک شخص کے استقبال کے لیے اس کی تینوں بیویاں پہنچ گئیں، لیکن خوشگوار ملاقات کے بجائے معاملہ جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شوہر کے سامنے آتے ہی تینوں خواتین کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔ ہر خاتون شوہر پر اپنا حق جتانے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے تلخ کلامی ہاتھا پائی اور کھینچا تانی تک جا پہنچی۔
ایئرپورٹ پر موجود مسافر اس اچانک پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھتے رہ گئے، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرکے جھگڑا ختم کرانے اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، تاہم تینوں خواتین کے درمیان اختلاف کی اصل وجہ اور معاملے کے انجام سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔