بیٹی کی پیدائش کے اگلے ہی دن قسمت بدل گئی، نام برکت رکھ دیا

image

"میری بیٹی نے میری قسمت بدل دی، وہ ہمارے گھر برکت لے کر آئی ہے، اس لیے اس کا نام بھی برکت رکھا ہے"

بھارت میں ایک غریب بڑھئی کی زندگی میں بیٹی کی پیدائش ایسی خوشخبری لے کر آئی کہ صرف ایک دن بعد ہی وہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاٹری جیت گیا۔ بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا کے قصبے بریٹا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ یدھویر سنگھ کے گھر 6 نومبر کو بیٹی پیدا ہوئی جبکہ اگلے ہی روز 7 نومبر کو اسے معلوم ہوا کہ وہ پنجاب اسٹیٹ لاٹری کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا انعام جیت چکا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یدھویر نے زندگی میں پہلی مرتبہ لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا۔ 4 نومبر کو وہ اپنی حاملہ اہلیہ ہرمن کو طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جا رہا تھا کہ راستے میں موبائل نمبر کی سروس تبدیل کروانے کے دوران اتفاقاً ایک لاٹری اسٹال پر رک گیا اور قسمت آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔

یدھویر کے مطابق اس کی اہلیہ ٹکٹ خریدنے کے حق میں نہیں تھی کیونکہ خاندان پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار تھا۔ دو کمروں کا گھر بنانے کے لیے لیا گیا قرض بھی باقی تھا، جبکہ بچے کی پیدائش اور اسپتال کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو رہا تھا۔

یدھویر اپنے بوڑھے والدین، اہلیہ اور نومولود بیٹی کے ساتھ رہتا ہے۔ اس کے والد مزدوری کرتے ہیں اور گھر کے حالات بہتر بنانے کے لیے کبھی کبھار لاٹری خریدتے تھے، لیکن اس مرتبہ پہلی ہی کوشش میں بیٹے کی قسمت کھل گئی۔

نومولود بیٹی کا نام ’برکت‘ رکھنے والے یدھویر کا کہنا ہے کہ وہ انعامی رقم اپنی بیٹی کی تعلیم اور بہتر مستقبل پر خرچ کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ بڑی ہو کر اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکے اور ایک اچھی ملازمت حاصل کرسکے۔

یدھویر کے لیے یہ خوشی صرف کروڑوں روپے جیتنے کی نہیں بلکہ اس بیٹی کی آمد کی بھی ہے جسے وہ اپنے خاندان کی خوش قسمتی کی علامت سمجھتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US