چین میں پانچ بہن بھائیوں نے اپنی 86 سالہ ماں کی خواہش پوری کرنے کے لیے ایسا کام کر دکھایا جس نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی۔ معمر خاتون شہر منتقل ہونے کے بجائے پہاڑ کی چوٹی پر واقع اپنے پرانے گھر میں رہنا چاہتی تھیں، جس پر ان کے بچوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پہاڑ پر 430 سیڑھیوں کا راستہ تعمیر کردیا۔
یہ واقعہ چین کے صوبے ژی جیانگ کے گاؤں یاننان کا ہے، جہاں ایک بزرگ خاتون کئی دہائیوں سے پہاڑی علاقے میں رہائش پذیر ہیں۔ ان کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں چاہتی تھیں کہ والدہ بڑھاپے میں کسی محفوظ اور آرام دہ جگہ منتقل ہوجائیں، لیکن خاتون کو اپنا آبائی گھر اتنا عزیز تھا کہ وہ کچھ عرصہ بچوں کے پاس گزارنے کے بعد دوبارہ گاؤں واپس آجاتی تھیں۔
خاتون کی سب سے چھوٹی بیٹی، 58 سالہ ہوانگ زاؤلین کے مطابق ان کا پورا بچپن اسی پہاڑی گھر میں گزرا۔ والد کے انتقال کے بعد تمام بہن بھائی اپنی ماں کی دیکھ بھال کرنا چاہتے تھے، مگر گھر تک پہنچنے والا پرانا راستہ خراب ہوچکا تھا اور وہاں اکثر سانپ بھی دکھائی دیتے تھے، جس سے والدہ کی حفاظت کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی تھی۔
اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ہوانگ نے پہاڑ پر نیا راستہ بنانے کا مشورہ دیا۔ ابتدا میں صرف ان کی ایک بہن اس فیصلے سے متفق تھیں، لیکن بعد میں باقی بھائی بھی تیار ہوگئے اور اگست 2026 میں تعمیراتی کام شروع کردیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منصوبے کے لیے کسی تعمیراتی کمپنی کی خدمات نہیں لی گئیں بلکہ خاندان نے تمام اخراجات خود برداشت کیے اور زیادہ تر کام بھی اپنے ہاتھوں سے کیا۔ بھائیوں اور دو کزنز نے پہاڑ تراشنے اور سیڑھیاں بنانے کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ بہن اور بہنوئی کھانے اور اوزاروں کا انتظام کرتے رہے۔ خاندان کے نوجوان افراد بھی سامان پہنچانے اور ملبہ ہٹانے میں مدد کرتے تھے۔
تعمیر کے دوران سب سے مشکل مرحلہ پہاڑ کی بلندی پر کام کرنا تھا، جہاں بعض مقامات پر رسیوں کے سہارے لٹک کر سیڑھیاں بنانا پڑیں۔ بھاری سامان اوپر پہنچانے کے لیے ڈرون کا استعمال بھی کیا گیا۔ ہوانگ کے مطابق مسلسل محنت اور دھوپ میں کام کرنے سے ان کا وزن بھی تین کلوگرام کم ہوگیا۔
تقریباً دو ماہ کی محنت کے بعد اکتوبر 2026 میں 430 سیڑھیوں پر مشتمل راستہ مکمل ہوگیا۔ یہ عام سیمنٹ کی سیڑھیاں نہیں بلکہ پہاڑی زمین کو تراش کر کنکریٹ کی مدد سے مضبوط بنایا گیا راستہ ہے۔
اس منصوبے پر آنے والی مجموعی لاگت سامنے نہیں آئی، تاہم پانچوں بہن بھائیوں کی اس کوشش نے دکھایا کہ انہوں نے اپنی ماں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کرنے کے بجائے ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان کے لیے محفوظ راستہ بنانے کا فیصلہ کیا۔