الاسکا کے قصبے میں 65 روز تک سورج طلوع نہیں ہوگا، طویل قطبی رات کا آغاز

image

امریکی ریاست الاسکا کے انتہائی شمالی قصبے اُتقیاقویک (Utqiagvik) میں 18 نومبر سے طویل قطبی رات کا آغاز ہوگا، جہاں سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 65 روز تک دوبارہ طلوع نہیں ہوگا۔ اس دوران قصبے کے رہائشی مسلسل دو ماہ سے زائد عرصے تک سورج کی روشنی دیکھنے سے محروم رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 2026 میں 18 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر سورج غروب ہوگا، جس کے بعد 22 جنوری 2027 تک طلوع نہیں ہوگا۔ اس طرح تقریباً 4 ہزار 300 آبادی والے اس قصبے میں 65 روز تک قطبی رات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طویل تاریکی کے دوران بھی دوپہر کے وقت جنوبی افق پر کچھ روشنی دکھائی دے گی، تاہم سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا۔ 23 جنوری کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے سورج دوبارہ طلوع ہوگا، لیکن حیران کن طور پر صرف ایک گھنٹے بعد غروب بھی ہو جائے گا۔

اُتقیاقویک قصبہ آرکٹک سرکل سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے اور الاسکا کے دیگر علاقوں سے کسی مستقل سڑک کے ذریعے منسلک نہیں، یہاں پہنچنے کے لیے ہوائی سفر کرنا پڑتا ہے۔

اس قدرتی مظہر کو قطبی رات (Polar Night) کہا جاتا ہے۔ یہ زمین کے محوری جھکاؤ کے باعث پیش آتا ہے، جس کے نتیجے میں موسم سرما کے دوران آرکٹک کے بعض علاقوں میں سورج کئی ہفتوں یا مہینوں تک افق سے اوپر نہیں آتا۔

اس کے برعکس موسم گرما میں یہی خطہ ایک منفرد منظر پیش کرتا ہے، جہاں سورج 24 گھنٹے آسمان پر موجود رہتا ہے۔ اس قدرتی مظہر کو ’’مڈنائٹ سن‘‘ (Midnight Sun) کہا جاتا ہے۔

یوں الاسکا کا یہ قصبہ ہر سال موسم کے ساتھ روشنی اور تاریکی کے دو انتہائی منفرد تجربات سے گزرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US