لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایک بار پھر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ قابو سے باہر ہو چکی ہے۔ اور لوگوں کی بڑی تعداد بیماریوں میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں پہنچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول، کالجز اور تفریحی مقامات بند کرنے کے مثبت نتائج نہ مل سکے۔ جبکہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات کو تاجر تسلیم نہیں کر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب کا راولپنڈی میں مصنوعی بارش کا تجربہ کرنے کا فیصلہ
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ اور یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے عارضی طور پر پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ انسانی صحت کے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ اس پر مستقل طور پر قابون پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ اور متعلقہ تمام اداروں کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔