سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔
منگل کو جنیوا سے لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمسایوں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہونے چاہییں۔‘
’انڈیا کے ساتھ ماضی کے تعلقات کو سُدھارنے کی ضرورت ہے، انڈین ٹیم پاکستان آکر کھیلتی تو اچھی بات ہوتی، امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور امریکہ کے تعلقات اچھے رہنے چاہییں انہیں مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے-
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد ایک پارٹی نے رکھی ہے کہ لوگوں کی پگڑیاں اُچھالو۔‘
’گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور تعاقب کرنا، ٹماٹر انڈے پھینکنا افسوناک ہے، اگر آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو اچھے طریقے سے کریں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نوجوان لڑکوں کو لگایا ہے کہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگو اور غیراخلاقی نعرے لگاؤ۔‘
ایئر پنجاب سروس لانچ کرنے کے لیے سوچ بچار کر رہے ہیں: مریم نواز
اس موقعے پر وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے بات چیت کرتے ہوئے اپنی صحت کے حوالے سے کہا کہ ’میرا علاج چل رہا ہے اور میں ٹھیک ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اچھی خبریں آرہی ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے۔پاکستان سٹاک مارکیٹ نے 94000 پوائنٹس کی سطح عبور کرلی ہے۔
’میاں نواز شریف کی سابق حکومت کے بعد اب پہلی مرتبہ سات سال بعد مہنگائی میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔‘
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ ’ایئر پنجاب سروس لانچ کرنے کے لیے سوچ بچار کر رہے ہیں۔‘