ملتان، بہاولپور اور راجن پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید اسموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کے باعث مختلف مقامات پر موٹرویز کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ شدید دھند اور اسموگ کے باعث موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے بھیرہ تک، موٹر وے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک اور موٹر وے ایم فور ملتان سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 5 ملتان سے سکھرتک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسموگ کا دائرہ پنجاب سے نکل کر خیبر پختونخوا تک پھیل گيا ہے، آج رات کو بھی پاکستان کا سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں ملتان پہلے نمبر پر جبکہ لاہور دوسرے اور پشاور تیسرے نمبر پر رہا۔
ادھر پنجاب میں شدید اسموگ اور دھند کی وجہ سے ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہونے اور حد نظر انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسموگ اور انتظامی مسائل سے ملک بھر کی 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط سے ملتان کی پرواز حد نظر کم ہونے پر اسلام آباد جبکہ جدہ سے ملتان پہنچنے والی نجی ائیر کی پرواز کو لاہور میں اتارا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسقط سے لاہور کی نجی ائیر کی پرواز کو سیالکوٹ اور دبئی سے لاہور کی نجی ائیر لائن کی پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا جبکہ حد نظر کم ہونے کی وجہ سے ملتان کراچی کی 2 ملکی پروازیں، غیر ملکی ائیر لائن کی جدہ ملتان کی 2 پروازیں اور ملتان ریاض کی 2 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
اس کے علاوہ لاہور سے کوالالمپور، دبئی استنبول، جدہ کراچی، مدینہ اور العین سے اسلام آباد پروازوں کی آمد روانگی میں تاخیر ہوئی، جدہ اسلام آباد سے جدہ ریاض استنبول بحرین کی پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ شارجہ اور استنبول سے کراچی کی پروازوں کی آمد میں بھی تاخیر ہوئی۔
اسی طرح کراچی سے لاہور کیلئے پی آئی اے کی پرواز شیڈول سے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکی۔