پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف عرب، اسلامی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ریاض کے رائل ایئرپورٹ ٹرمینل پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمٰن بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عرب، اسلامی سربراہ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔سعودی عرب 11 نومبر 2024 کو ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی فالو اپ سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں خطے کی صورتحال، فلسطین اور لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)
عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان اور سینیئر حکام بھی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
یہ سربراہی اجلاس گذشتہ برس مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی اجلاس کا تسلسل ہوگا، جس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دیگر عرب اور اسلامی ملکوں کےرہنماوں کے ساتھ مل کر کی جانے والی کوششوں کا تسلسل ہے۔