وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے اساتذہ نے بھی جامعہ کراچی کے اساتذہ کی طرز پر تدریسی عمل اور امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق اور گلشن اقبال کیمپس کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطالبات کی منظوری تک تدریسی سرگرمیاں اور 8 جون سے شروع ہونے والے امتحانات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے دور کو ناکام قرار دیتے ہوئے چانسلر صدر مملکت آصف علی زرداری اور پرو چانسلر وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے یونیورسٹی میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے اور انتظامی امور کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا۔
اساتذہ نے اپنے مطالبات میں ہاؤس سیلنگ کی مکمل ادائیگی، تنخواہوں اور پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، سلیکشن بورڈ کے فوری انعقاد اور میرٹ پر داخلہ پالیسی کے نفاذ سمیت دیگر مطالبات شامل کیے ہیں۔اعلامیے کے مطابق مطالبات کی منظوری تک تعلیمی سرگرمیوں اور امتحانات کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔