17 روز میں ڈیزل، پیٹرول کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، ٹرانسپورٹرز کا دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا انتباہ

image

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مہنگائی کی لہر کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی تمام امیدیں بھی ختم ہوگئی ہیں۔

گزشتہ 17 دنوں کے دوران ملک میں ڈیزل 19 روپے 49 پیسے اور پیٹرول 20 روپے 70 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام استعمال کی اشیاء پر پڑے ہیں۔

کرایوں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے سبزی، پھل، آٹا، چاول اور چینی سمیت دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں یومیہ بنیادوں پر بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، جس نے عوام کا گھریلو بجٹ تلپٹ کر کے رکھ دیا ہے۔

پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز نے قیمتوں میں اس اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے قائد ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بالخصوص روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بدلنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک کی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے ایندھن کی قیمتیں روزانہ نہ بدلنے کی یقین دہانی کروائی تھی، جس پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی درخواست اور 40 دن کی مہلت پر ہڑتال مؤخر کی گئی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ چند مطالبات پر عملدرآمد جاری ہے لیکن اکثر مسائل تاحال التوا کا شکار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مقررہ مدت میں مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ کی تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا راستہ اختیار کریں گے۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US