پاکستان اسٹاک ایکسچینج مسلسل دوسرے روز بھی شدید مندی کی لپیٹ میں رہی، جہاں تجارتی سیشن کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس 131 پوائنٹس گر گیا۔
دورانِ ٹریڈنگ فروخت کے شدید دباؤ کے باعث انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ 1,73,000 پوائنٹس کی حد بھی گنوا بیٹھی۔ 100 انڈیکس مجموعی طور پر 1250 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,72,385 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے دوران خاص طور پر بینکنگ، تیل و گیس اور سیمنٹ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے شیئرز میں نمایاں کمی اور فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ مارکیٹ میں اس شدید منفی رجحان کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطیٰ کا طویل ہوتا تنازع ہے۔
خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مزید اوپر جانے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس کے پیشِ نظر سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے محتاط ٹریڈنگ کو ترجیح دی۔