واہگہ بارڈر پر پاکستانی کوک اسٹوڈیو کی گونج، آیوشمان اور سارہ منہ دیکھتے رہ گئی

image

بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان اپنی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ کی تشہیر کے لیے واہگہ اٹاری بارڈر پہنچے تو وہاں ایک دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں بھارتی فنکاروں کی موجودگی میں سرحد کی پاکستانی جانب سے کوک اسٹوڈیو کے گانے چلائے گئے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی۔

دونوں اداکاروں نے سرحد پر منعقد ہونے والی روایتی پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی اور وہاں موجود لوگوں سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے امرتسر کے تاریخی گولڈن ٹیمپل کا بھی دورہ کیا اور اپنی فلم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

تاہم جہاں ایک طرف فلم کی تشہیری سرگرمیاں جاری ہیں، وہیں دوسری جانب اس کی کہانی اور موضوع پر تنازع بھی سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان مخالف مواد کے الزامات کے باعث فلم کو تنقید کا سامنا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق نیپال نے اسے اپنے سینما گھروں میں دکھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال کے مرکزی فلم سنسر بورڈ نے فلم کا جائزہ لینے کے بعد اسے نمائش کے لیے ناموزوں قرار دیا۔ نیپالی وزارتِ مواصلات و اطلاعاتی ٹیکنالوجی نے اس فیصلے کی وجہ ملکی قوانین کو بتایا ہے۔

حکام کے مطابق قومی سنیما ایکٹ 2026 کی دفعہ 8(3) کے تحت ایسی فلموں کو منظوری نہیں دی جا سکتی جن کا مواد قومی سلامتی، امن و امان یا دوسرے دوست ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتا ہو۔ متعلقہ بورڈ نے پیش کردہ مواد کی جانچ کے بعد اسی قانونی بنیاد پر فلم کی نمائش روکنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی بھارتی فلم انڈسٹری کے اس رجحان پر بحث جاری ہے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کو پاکستان مخالف موضوعات پر انحصار کرنے کے بجائے نئی اور منفرد کہانیوں پر توجہ دینی چاہیے۔

فلم ’اڑتا تیر‘ کی ہدایت کاری آکاش کوشک نے کی ہے اور اسے 23 اکتوبر 2026 کو بھارتی سینما گھروں میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US