Add Poetry

کل کے لیے کر آج نہ خست شراب میں

Poet: MIRZA GHALIB By: TARIQ BALOCH, HUB CHOWKI
Kal Ke Liye Kar Aaj Nah Khissat Sharaab Mein

کل کے لیے کر آج نہ خست شراب میں
یہ سوئے ظن ہے ساقیِ کوثر کے باب میں

ہیں آج کیوں ذلیل؟ کہ کل تک نہ تھی پسند
گستاخیِ فرشتہ ہماری جناب میں

جاں کیوں نکلنے لگتی ہے تن سے‘ دمِ سماع
گر وہ صدا سمائی ہے چنگ و رباب میں

رو میں ہے رخشِ عمر! کہاں‘ دیکھیے‘ تھمے
نے ہاتھ باگ پر ہے‘ نہ پاہے رکاب میں

اتنا ہی مجھ کو اپنی حقیقت سے بعد ہے
جتنا کہ وہمِ غیر سے ہوں پیچ و تاب میں

اصلِ شہود و شاہد و مشہود ایک ہے
حیراں ہوں‘ پھر مشاہدہ ہے کس حساب میں

ہے مشتمل نمودِ صُوَر پر وجودِ بحر
یاں کیا دھرا ہے قطرہ و موج و حباب میں

شرم اک اداے ناز ہے‘ اپنے ہی سے سہی
ہیں کتنے بے حجاب کہ‘ ہیں یوں حجاب میں

آرایش جمال سے فارغ نہیں ہنوز
پیشِ نظر ہے آینہ دائم نقاب میں

ہے غیب غیب‘ جس کو سمجھتے ہیں ہم شہود
ہیں خواب میں ہنوز‘ جو جاگے ہیں خواب میں

غالبؔ! ندیمِ دوست سے‘ آتی ہے بوئے دوست
مشغولِ حق ہوں‘ بندگیِ بوتراب میں

Rate it:
Views: 1956
10 Aug, 2011
Related Tags on Mirza Ghalib Poetry
Load More Tags
More Mirza Ghalib Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets