ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

راولپنڈی: ایک دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی آج ہو رہی ہے جب پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پنڈی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ 9 بج کر 45 منٹ شروع ہو گا جب کہ محکمہ موسمیات نے آج جڑواں شہروں میں بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ممکنہ طور پر عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، نسیم شاہ، یاسر شاہ، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ  خوشی ہے کہ دس سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی ہے، خواہش تھی ہمارے گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوں، تمام پلیئرز بہت خوش ہیں، پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم ہم کوشش کریں گے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیل کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں بہترین صلاحیت کے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ میں فتح دلا سکتے ہیں۔

اپنی کارکردگی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کپتان کا کھیل میں بھی اپنا رول ہوتا ہے، پورا احساس ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کروں اور خود بھی بڑا اسکور کروں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں دس سال ہو گئے ہیں، گزشتہ چار سے پانچ سال سے پوری کوشش کرتا ہوں ٹیم کو میچ جتوا سکوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو آسان حریف نہیں لیا جا سکتا ان کی باؤلنگ اور بیٹنگ اچھی ہے،اگر آئی لینڈرز کو ہرانا ہے تو ہمیں ڈسپلن سے کھیلنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ہمارا فخر ہے جتنا اچھا کھیلیں گے نتیجہ بھی اچھا ہوگا۔

 


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.