Add Poetry

اک دوجے کو دیر سے سمجھا دیر سے یاری کی

Poet: Anjum Saleemi By: saad, khi
Ik Dojey Ko Der Se Samjha Der Se Yaari Ki

اک دوجے کو دیر سے سمجھا دیر سے یاری کی
ہم دونوں نے ایک محبت باری باری کی

خود پر ہنسنے والوں میں ہم خود بھی شامل تھے
ہم نے بھی جی بھر کر اپنی دل آزاری کی

اک آنسو نے دھو ڈالی ہے دل کی ساری میل
ایک دیے نے کاٹ کے رکھ دی گہری تاریکی

دل نے خود اصرار کیا اک ممکنہ ہجرت پر
ہم نے اس مجبوری میں بھی خود مختاری کی

چودہ برس کے ہجر کو امشب رخصت کرنا ہے
سارا دن سو سو کر جاگنے کی تیاری کی

ہم بھی اسی دنیا کے باسی تھے سو ہم نے بھی
دنیا والوں سے تھوڑی سی دنیا داری کی

انجمؔ ہم عشاق میں اونچا درجہ رکھتے ہیں
بے شک عشق نے ایسی کوئی سند نہ جاری کی

Rate it:
Views: 1344
28 Jan, 2020
Related Tags on Anjum Saleemi Poetry
Load More Tags
More Anjum Saleemi Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets