Add Poetry

تاروں سے میرا جام بھرو میں نشے میں ہُوں

Poet: Saghar Siddiqui By: TARIQ BALOCH, HUB CHOWKI
Taron Se Mera Jaam Bharo Mein Nashay Mein Hoon

تاروں سے میرا جام بھرو میں نشے میں ہُوں
اے ساکنانِ خُلد سنو میں نشے میں ہُوں

کچھ پُھول کھل رہے ہیں سَرِ شاخِ میکدہ
تم ہی ذرا یہ پُھول چنو میں نشے میں ہوں

ٹھرو ابھی تو صُبح کا تارا ہے ضُو فِشاں
دیکھو مجھے فریب نہ دو میں نشے میں ہوں

نشہ تو موت ہے غمِ ہستی کی دُھوپ میں
بکھرا کے زُلف ساتھ چلو میں نشے میں ہوں

میلہ یُونہی رہے یہ سرِ رہگزارِ زیست
اب جام سامنے ہی رکھو میں نشے میں ہوں

پائل چھنک رہی ہے نگارِ خیال کی
کچھ اہتمامِ رقص کرو مَیں نشے میں ہُوں

مَیں ڈگمگا رہا ہُوں بیابانِ ہوش میں
میرے ابھی قریب رہو میں نشے میں ہوں

ہے صرف اِک تبسّم رنگیں بہت مُجھے
ساغر بدوش لالہ رُخوں میں نشے میں ہوں
 

Rate it:
Views: 3753
06 Dec, 2013
More Saghar Siddiqui Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets