خدا کے بندے
وہ نیک بندے
حقیقت و آگہی کے حامل
وہ قول و فعل و عمل میں کامل
یقین و ایماں کی رفعتوں سے
اتر کے آئے
پیام لائے
وہ راہرواں رہ فنا سے
وہ گمراہان رہ صفا سے
کہا
کہ آؤ
مقام صدق و صفا کی جانب
خدا کی جانب
تو پوچھا ان سے
مقام صدق و صفا کہاں ہے؟
کہا
خدا ہر جگہ ہے
ہر ایک شے میں
وہ زندگی کے ہر اک
مقام پر ہے
تمہاری شہہ رگ سے بھی
قریب تر ہے
تو بولے
پھر ہم کہاں کو جائیں؟
کدھر کو جائیں؟
ہم اپنے اندر ہی
کیوں نہ اتریں؟
کہ اس کو خود میں
تلاش کر لیں