سیرت کا لحاظ

Poet: Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi By: Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon

جو بھی کرتے ہیں شہِ کوثر کی حرمت کا لحاظ
اہلِ الفت کرتے ہیں پھر اُن کی عزّت کا لحاظ

دعویِ عشقِ نبی اب تو زبانی ہے محض
کچھ نہیں کرتا ہوئی آقا کی سیرت کا لحاظ

جیسا انصار و مہاجر کو مِلایا آپ نے
کیا کوئی رکھتا ہے اُن جیسی اُخوّت کا لحاظ

سرنگوں پرچم ہماری عظمتوں کا ہوگیا
جب سے کرنا چھوڑا ہم نے ان کی سنّت کا لحاظ

’’طَوقِ تہذیبِ فرنگی توڑ ڈالو مومنو!‘‘
دل میں رکھو ہر نفَس آقا کی الفت کا لحاظ

دُخترِ حوّا کو زندہ کردفن کرتے تھے جہاں
آپ نے کرنا سکھایا اُن کی عصمت کا لحاظ

وہ ثنا خوانی مُشاہدؔ قابلِ تعریف ہے
نعت میں جب ہو ادا پورا شریعت کا لحاظ

Rate it:
Views: 693
31 Oct, 2016
More Religious Poetry