Add Poetry

فریاد

Poet: Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi By: Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon

یہ ستم شافعِ محشر نہیں دیکھے جاتے
اہلِ حق ہوگئے بے گھر نہیں دیکھے جاتے

یا نبی اُمّتِ عاصی کی خبر بھی لیجے
وقت نے بدلے ہیں تیور نہیں دیکھے جاتے

کفر و الحاد کے بڑھنے لگے سائے ہر سُو
یہ ہُبل یہ بُتِ آزر نہیں دیکھے جاتے

پھر ضرورت ہے کہ پیدا ہو کوئی موسیٰ کلیم
اب یہ فرعون کے پیکر نہیں دیکھے جاتے

اہلِ ایماں کو مٹانے پہ تُلی ہے دنیا
یہ ستم اب تو اے سرور نہیں دیکھے جاتے

دیٖن و ایماں کو یوں لُٹتے ہوئے دیکھیں کب تک
اب تباہی کے یہ منظر نہیں دیکھے جاتے

بزمِ عالم میں شب و روز یہ خونیٖں منظر
ہم سے اے ساقیِ کوثر نہیں دیکھے جاتے

خوفِ اللہ سے جو سہمے ہوئے رہتے تھے
ہوگئے آج وہ خودسر نہیں دیکھے جاتے

آپ کے خستہ مُشاہدؔ سے اب اے شاہِ رُسُل
قلبِ اسلام میں نشتر نہیں دیکھے جاتے
 

Rate it:
Views: 417
19 Feb, 2013
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets