Add Poetry

لو مدینے کی تجلی سے لگائے ہوئے ہیں

Poet: Hazrat Allama Pir Syed Naseer-ud-Din Naseer Gillani (Golra Sharif) By: Khalid Roomi, Rawalpindi

 لو مدینے کی تجلی سے لگائے ہوئے ہیں
دل کو ہم مطلع انوار بنائے ہوئے ہیں

اک جھلک آج دکھا گنبد خضرٰی کے مکیں
کچھ بھی ہیں دور سے دیدار کو آئے ہوئے ہیں

سر پہ رکھ دیجے ذرا دست تسلی آقا
غم کے مارے ہیں ، زمانے کے ستائے ہوئے ہیں

نام کس منہ سے ترا لیں کہ ترے کہلاتے
تیری نسبت کے تقاضوں کو بھلائے ہوئے ہیں

گھٹ گیا ہے تری تعلیم سے رشتہ اپنا
غیر کے ساتھ رہ و رسم بڑھائے ہوئے ہیں

شرم عصیاں سے نہیں سامنے جایا جاتا
یہ بھہ کیا کم ہے ، ترے شہر میں آئے ہوئے ہیں

تری نسبت ہی تو ہے جس کی بدولت ہم لوگ
کفر کے دور میں ایمان بچائے ہوئے ہیں

بوسہ ء در سے نہ روک اب تو انھیں اے درباں
خود نہیں آئے، یہ مہمان بلائے ہوئے ہیں

اللہ اللہ ! مدینے پہ یہ جلوؤں کی پھوار
بارش نور میں سب لوگ نہائے ہوئے ہیں

کیوں نہ پلڑا ترے اعمال کا بھاری ہو نصیر
اب تو میزان پہ سرکار بھی آئے ہوئے ہیں

Rate it:
Views: 1570
09 Sep, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets