Add Poetry

لہو سے روشن ہوا دیارِ خلیل جس کے حسین وہ ہے

Poet: صفدر ھمدانی By: ذیشان حیدر, کراچی

لہو سے روشن ہوا دیارِ خلیل جس کے حسین وہ ہے
پڑھے قصیدے تا حشر فکرِ جمیل جس کے حسین وہ ہے
ہاں پر بچھائے قدم تلے جبرئیل جس کے حسین وہ ہے
ہر اِک گلی میں یہ نام پر ہے سبیل جس کے حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
جو کربلا میں ہوئی تھی نازل خُدا کی آیت حسین وہ ہے
وہ جس کی قرآں نے بارہا دی ہے خود شہادت حسین وہ ہے
لکھی ہے دینِ خُدا کی جس نے لہو سے قسمت حسین وہ ہے
وہ بعد نبیوں کے جس کی جاری رہی ھدایت حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
بدل دئے جس نے اپنے خوں سے ستم کے دھارے حسین وہ ہے
زکوة ہیں جس کے نور کی یہ فلک پہ تارے حسین وہ ہے
وہ جس نے کربل میں رنگ مٹی کے سب نکھارے حسین وہ ہے
مدد کی خاطر وہ جس کو اللہ کا دیں پُکارے حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
وہ جس کو زینب کے دل دھڑکتے کا چین کہیئے حسین وہ ہے
یقیں کی حد کو حضور کا نورِ عین کہیئے حسین وہ ہے
حسین کہیئے امام کہیئے یا پھر شہِ مشرقین کہیئے حسین وہ ہے
خُدا کے اور مصطفیٰ کے ہاں بین بین کہیئے حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
وہ جس نے عزت کتاب کی اور قلم کی رکھی حسین وہ ہے
وہ جس نے دشتِ بلا میں حُرمت عَلَم کی رکھی حسین وہ ہے
وہ جس نے ظلمت میں آس اُسکے کرم کی رکھی حسین وہ ہے
وہ جس نے تکریم حشر تک کو حرم کی رکھی حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
جو کربلا کی اندھیری راتوں میں روشنی ہے حسین وہ ہے
شہادتوں کے سفر کا حاصل جو زندگی ہے حسین وہ ہے
گلاب میں جو لہو کی خوشبو سے تازگی ہے حسین وہ ہے
زیرِ خنجر جو ایک پیاسے کی بندگی ہے حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
***
وہ جس نے لکھا ہے موت کا اپنی آپ عنواں حسین وہ ہے
وہ نام جس کا سُنیں تو ظلمت کدے ہوں لرزاں حسین وہ ہے
قسم خُدا کی خُدا پہ بھی جس جری کے ہوں احساں حسین وہ ہے
وہ جس کی آمد پہ سب ملائک ہوئے غزل خواں حسین وہ ہے
حسین میرا حسین تیرا حسین سب کا
حسین حیدر کا مصطفیٰ کا حسین رب کا
 

Rate it:
Views: 489
06 Nov, 2014
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets