نعت دل میں اترنے کی کیا بات ہے
آنکھ اور دل کے بھرنے کی کیا بات ہے
جس گلی سے گزرتے تھے آقا مرے
اُس گلی سے گزرنے کی کیا بات ہے
گو ! مدینے میں جینا حسیں ہے بہت
پر ! مدینے میں مرنے کی کیا بات ہے
ڈوب کر یادِ طیبہ میں بند آنکھ میں
سبز گنبد ابھرنے کی کیا بات ہے
دیکھ کر جالیاں اشک تھمتے نہیں
ایسے رخ کے نکھرنے کی کیا بات ہے
شہرِ آقا میں روضے کی اطراف میں
خاک بن کے بکھرنے کی کیا بات ہے
وہ یقیناً شفاعت کریں گے مری
حشر کے دن سے ڈرنے کی کیا بات ہے
عاشی نعتِ نبی کے طفیل اسطرح
عاقبت کے سنورنے کی کیا بات ہے