Add Poetry

وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں

Poet: اعلیٰحضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ الرحمٰن By: Kanz ul ilam, Lahore

وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں
تیرے دن اے بہار پھرتے ہیں
جو تیرے در سے یار پھرتے ہیں
در بدر یوں ہی خار پھرتے ہیں
آہ کل عیش تو کئے ہم نے
آج وہ بے قرار پھرتے ہیں
ان کے ایما سے دونوں باگوں پر
خیلِ لیل و نہار پھرتے ہیں
ہر چراغ مزار پر قدسی
کیسے پروانہ وار پھرتے ہیں
اس گلی کا گدا ہوں میں جس میں
مانگتے تاجدار پھرتے ہیں
جان ہے جان کیا نظر آئے
کیوں عدو گردِ غار پھرتے ہیں
پھول کیا دیکھوں میری آنکھوں میں
دشتِ طیبہ کے خار پھرتے ہیں
لاکھوں قدسی ہیں کامِ خدمت پر
لاکھوں گردِ مزار پھرتے ہیں
وردیاں بولتے ہیں ہرکارے
پہرہ دیتے سوار پھرتے ہیں
رکھیے جیسے ہیں خانہ زاد ہیں ہم
مول کے عیب دار پھرتے ہیں
ہائے غافل وہ کیا جگہ ہے جہاں
پانچ جاتے ہیں چار پھرتے ہیں
بائیں رستے سے نہ جا مسافر سن
مال ہے راہ مار پھرتے ہیں
جاگ سنسان بَن ہے رات آئی
گُرگ بہرِ شکار پھرتے ہیں
نفس پہ کوئی چال ہے ظالم
جیسے خاصے بجار پھرتے ہیں
کوئی کیوں پوچھے تیری بات رضاؔ
تجھ سے شیدا ہزار پھرتے ہیں

مقطعہ میں اعلحٰضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ الرحمٰن نے اپنے آپ کو عاجزاً ''کتا'' لکھا ہے ۔ لیکن میں نے ادبِ اعلحٰضرت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ''شیدا'' لکھ دیا ہے۔


 

Rate it:
Views: 1302
26 Dec, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets