Add Poetry

یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے

Poet: Prof. Niamat Ali Murtazai By: Prof. Niamat Ali Murtazai, Karachi

یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

محمدﷺ کے صدقے یہ دنیا بنی
بچھا یہ فرش نیلی چادر تنی
محمدﷺ بنے نسلِ آدم بنی
ملائک بنے، حورِ جنت بنی
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

صدارت خدا کی خصوصی وہ مہماں
لیا انبیاءؑ سے تھا جب عہد و پیماں
ازل کا سماں تھا ابد سے ملا
یہ تھا انﷺ کی عظمت کا پہلا اعلاں
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

خطا کی معافی ہوئی تھی بشر کو
کہ اسمِ محمدﷺ ملا تھا نظر کو
حزیں تھے زمانے سے آدمؑ حواؑ
ملی تازگی ایک اجڑی فکر کو
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

سفینے کو نوحؑ کے ملی تھی اماں
وسیلے سے انﷺ کے اٹھی تھی فغاں
انوکھا زمانے سے یہ سیل تھا
مٹائے تھے سب جس نے پہلے نشاں
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

ہوئی نارِ نمرود گلشن نشاں
بڑا قابلِ دید تھا وہ سماں
وہﷺ رحمت خدا کی بعید از گماں
وہﷺ یکتا مگر ہیں خصائل ہمہ
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

چھری کو حکم تھا کہ بیکا نہ ہو
کوئی بال بھی اس کے نیچے جو ہو
رہائی ملی یوں ذبیحہ اﷲ کو
جی انؑ کے خلف میں وہﷺ آنے تھے جو
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

کہا ابنِ مریمؑ نے آئیں گے وہ
پیامِ خدا بھی سنائیں گے وہ
بشر کو خدا سے ملائیں گے وہ
جہنم کی آتش بجھائیں گے وہ
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

اخیؑ اک ستارے کو دیکھا کرے
جو نکلا کرے تھا عرش سے پرے
اٹھائی جو دستار سرور بڑےﷺ
وہ بولے ستارہ یہی ہے ارے
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

غلاموں کے نام انﷺ کے مذکور تھے
وفا اور ایفا میں مشہور تھے
چراغ ہدایت شبِ کور تھے
رسالت کی مئے سے وہ مسحور تھے
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

جو جنگل پڑاؤ تھا کرنا پڑا
کہا اک صحابیؓ نے ہو کر کھڑا
غلامانِ احمدﷺ یہاں ہیں رکے
یہ سن کر پرے ہر تھا وحشی مڑا
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

نہ بارش ہوئی ایک عرصے تلک
کہ سوکھا پڑا تھا زمیں کا حلق
دعائے نبیﷺ سے اٹھی تھی گھٹا
اشارے سے انﷺ کے گیا یہ کلک
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

اشارہ قمر کو بھی شق کر گیا
یوں چہرہ کفر کا وہ فک کر گیا
ہاں تابع ہیں انﷺ کے یہ شمس و قمر
وہ حق کا نبی ﷺ حق کو حق کر گیا
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

تھی ایڑی صدیقیؓ ڈسی مار نے
پناہ جس کو صدیوں سے دی غار نے
جو آنکھوں سے آنسو اچھلنے لگے
لگایا لعابِ دھن یارﷺ نے
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

نمازِ علیؓ بھی چلی تھی ابھی
ہوئی نہ قضا تھی صلوۃ کبھی
اشارے سے سورج بھی واپس ہوا
نبیﷺ کو مہر بھی تھا سمجھا نبیﷺ
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

کہا جبرائیلؑ نے حد ہے مری
یہ سدرہ ہی آخری سد ہے مری
نہیں اس سے آگے مرے بس کا کام
زمیں سے یہاں تک مد ہے مری
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

وصل قاب قوسین ان کو ملا
محبت نہیں تو یہ کیا ہے بھلا
وہی جانتے ہیں یا جانے خدا
مقامِ محمدﷺ کا کس کو پتہ
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے


کہا ادن منی خدا نے جہاں
وہ محبوبِ عالمﷺ تھے پہنچے وہاں
نہ عالم تھا کوئی نہ جہتیں وہاں
سمجھ میں نہ آئے وہ تھا لا مکاں
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

جو پردے لگائے تھے ستر ہزار
انوکھی ادا تھی ، انوکھا پیار
کوئی جانتا ہے ، کسے ہے خبر
کہ دلدار کا دل تھا کتنا فگار
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

کہا تھا زبانِ صدیقیؓ نے فوراً
چلے آئے تھے لے کے شکوہ دفعتاً
وہ عرشوں سے ہو کر بھی آئے ہیں لیلاً
ــ’’اگر وہ ہیں کہتے تو برحق ہے قسما‘‘ً
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

براق ان کی الفت میں رویا کرے
وہ اشکوں سے دامن بھگویا کرے
محبت میں رونا ہی کام آگیا
محبوں میں انﷺ کے جو نام آگیا
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے


وہ محمودﷺ روزِ قیامت بنے
تمامی خلق کی اعانت بنے
نہیں ثانی انﷺ کا حشر میں کوئی

گنہگاروں کی بھی شفاعت بنے
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

پروفٹ ہے نام ان کا اب بھی وہاں
غرب کے علاقے جہاں میں جہاں
کہ بالائے شک وہ نبیء الزماں
نبوت کے ہر سو ملے ہیں نشاں
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا پے چھائے گئے

غلامی ملی مرتضائیؔ کو انﷺ کی
بہشتیں بھی چھانیں خاکِ راہ جن کی
مقدر پے نازاں ہیں سگ ان کے در کے
بہار آفریں ہے فضا جن کے من کی
یوں میلاد انﷺ کے منائے گئے
وہ آئے تو دنیا بسائے گئے

Rate it:
Views: 410
27 Feb, 2015
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets