یوں ہاتھ نہیں آتا وہ گوہر یک دانہ
یک رنگی و آزادی اے ہمت مردانہ
یا سنجر و طغرل کا آئین جہانگیری
یا مرد قلندر کے انداز ملوکانہ
یا حیرت فارابیؔ یا تاب و تب رومیؔ
یا فکر حکیمانہ یا جذب کلیمانہ
یا عقل کی روباہی یا عشق یداللہی
یا حیلۂ افرنگی یا حملۂ ترکانہ
یا شرع مسلمانی یا دیر کی دربانی
یا نعرۂ مستانہ کعبہ ہو کہ بت خانہ
میری میں فقیری میں شاہی میں غلامی میں
کچھ کام نہیں بنتا بے جرأت رندانہ