Add Poetry

میں سوچتا ہوں کبھی ایک نعت ایسی لکھوں

Poet: Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi By: Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon

 میں سوچتا ہوں کبھی ایک نعت ایسی لکھوں
تصرفاتِ پیمبر کو جس میں درج کروں

میں مانتا ہوں نہیں میری فکر ہے کامل
نہیں ہے خامۂ خامِ مشاہدؔ اس قابل

جو اختیارِ پیمبر کو وہ بیان کرے
کہا کسی نے حدیثوں کو رہنما کرلے

زبانِ پاکِ پیمبر سے بات جب نکلی
درست ہوگئی ابنِ عتیک کی پنڈلی

تھے جتنے کھاری کنویں پل میں ہوگئے میٹھے
لعابِ پاک کی اِن برکتوں کے کیا کہنے

یہ معجزہ تو صحابہ نے خوب دیکھا ہے
کہ چشمہ نور کا بہتا وہ دستِ اقدس سے

ہے علمِ غیب کا پختہ ثبوت کیا کہنا
خداے پاک کو پیارے نبی نے ہے دیکھا

نبی سے پوچھا کسی نے کہ اونٹنی ہے کہاں؟
بتادیا شہِ کوثر نے اونٹنی ہے وہاں
ق
وہ جس نے غیب کا انکار کردیا لوگو!
خدا نے خارجِ اسلام کردیا اُس کو

انھیں خبر ہے کہ حارث نے کیا چھپایا ہے ؟
بتادیا تو پھر ایمان سب نے لایا ہے

اٹھی جو انگلی تو شق ہوگیا مہِ کامل
اس اختیار پہ فق ہوگیا رُخِ باطل

قضاے مولا علی اس طرح ہوئی تھی ادا
کہ ڈوبے شمس کو فوراً نبی نے پلٹایا

نویدِ فتح سنا کر نبی نے لوگوں کو
درست کردیا حضرت علی کی آنکھوں کو

بٹھادیں آپ نے فوراً قتادہ کی آنکھیں
ہیں اختیارِ پیمبر کی کیا حسیں باتیں؟

بس ایک پیالے میں ستّر نے کی شکم سیری
نبیِ پاک کی دیکھیں ہیں برکتیں کیسی؟

عصا صحابہ کے مثلِ شمع ہوئے روشن
تُو کھول منکرِ عظمت نگاہوں کا درپن

نبی نے شاخِ شجر کو بنادیا تلوار
ہے منکروں کا عبث اب بھی کیوں انکار؟

سنائیں ماجرا جابر کے گھر کا کیا لوگو!؟
ہے یہ تو یاد ہر اک اہلِ عشق و الفت کو

مریں گے عتبہ و شیبہ و بوجہل کس جا؟
نبی نے بدر کا پہلے ہی نقشہ بتلایا

نبی نے بدر میں دستِ معوذ بن عفرا
لعابِ پاک سے اک پل میں یارو! جوڑ دیا

شفا بھی پاگئے ، خوشبو بھی عتبہ بن فرقد
لعابِ پاک کی دیکھیں ہیں برکتیں بے حد

ابوہریرہ کی اکیس کھجوریں دیکھیں تو
چلی تھیں حضرتِ عثماں کے دَور تک لوگو!

نبی کے دستِ مبارک کی برکتیں دیکھو
عطا کی حفظ کی دولت ابوہریرہ کو

ہیں سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارے پیارے نبی
کہ جن کے بعض تصرف ہیں امتیازی بھی

کسی کے روزے کا کفّارہ خود ہی کھالینا
کسی کی مدتِ عدّت کو مختصر کرنا

کسی کو اِذنِ رضاعت جوانی میں دینا
کسی کو خلد میں اپنی رفاقتیں دینا

کس کو ، شش مہ بکرے کی ہی اجازت دی
دسوں کو خلد کی دنیا میں ہی بشارت دی

کسی کے مہر کو قرآں سکھانا فرمایا
کسی کی تنہا گواہی کو کافی ٹھہرایا

کسی کو ریشمی کپڑوں کی بھی اجازت دی
کسی کو نوحہ کی بھی کی آپ نے تو رخصت دی

کنویں کے بدلے میں عثماں کو بیچ دی جنت
ہے یہ بھی سیدِ عالم کی دیکھ لو قدرت

کیا تھا سونے کا کنگن سُراقہ کو جائز
اس امتیاز پہ کوئی نہ ہوسکا فائز

نبیِ پاک کے دیکھیں ذرا مراتب کو
انگوٹھی سونے کی کردی روا ، بن عازب کو

بیاں ہو کس طرح رتبہ وہ جس پہ فائز ہیں
قلم بھی ، فکر بھی ، الفاظ سب ہی عاجز ہیں

تصرفات مُشاہدؔ بیاں ہو ں کیا ان کے؟
حقیقت آپ کی لاریب! پیارا رب جانے

صلی اللہ تعالیٰ علی النبی الامی الکریم وآلہ وصحبہ وبارک وسلم
 

Rate it:
Views: 622
23 Jul, 2013
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets