سرکار پہ ہوجائے جو قربان مکمل
ہوگا اسی بندے کا ایمان مکمل
گر اسوۂ حسنہ پہ عمل کرنے لگیں سب
حاصل ہو جہاں والوں کو ایقان مکمل
ہر چیز کا روشن ہے بیاں اس میں یقینا
ہے ضابطۂ زندگی قرآن مکمل
افسوس! کہ تُو سیرت و سنت سے ہوا دور
بن جا اے مسلمان ، مسلمان مکمل
ثانی نہ ہوا آپ کا سایا بھی نہیں تھا
آیا نہ کوئی آپ سا انسان مکمل
ہے امن و اخوت کا جہاں بھر میں جو چرچا
ہے یہ تو شہِ دین کا فیضان مکمل
ہو لطف و کرم از پَے حسّانِ مدینہ
بن جائے مُشاہدؔ بھی ثنا خوان مکمل